ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حکومت فرقہ وارانہ تشدد کے ساتھ سختی سے نمٹ رہی ہے ۔گورنر کرناٹک مشترکہ ترقی میں ملک بھر میں سرفہرست ۔حکومت کا دعویٰ

حکومت فرقہ وارانہ تشدد کے ساتھ سختی سے نمٹ رہی ہے ۔گورنر کرناٹک مشترکہ ترقی میں ملک بھر میں سرفہرست ۔حکومت کا دعویٰ

Tue, 06 Feb 2018 11:31:55    S.O. News Service

بنگلورو،5؍فروری (ایس او نیوز) ہندوتوا اور بی جے پی کارکنوں کے قتل کے حوالہ سے اپوزیشن بی جے پی واویلا مچارہی ہے۔ اس کے باوجود سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت نے آج دعویٰ کیا کہ وہ ریاست میں نظم وضبط کی بحالی کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے اور ریاست میں فرقہ وارانہ تشدد کے معاملات سختی کے ساتھ نپٹائے جارہے ہیں۔ یہاں آج سے شروع ہونے والے رواں سال کے پہلے ریاستی لجس لیٹرس سیشن کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی گورنر وجو بھائی رودابھائی والا نے کہا کہ میری حکومت ریاست میں نظم وضبط کی بحالی کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے اور فرقہ وارانہ تشدد کی روک تھام کے لئے سخت کارروائی کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فرقہ وارانہ تشدد کو سختی کے ساتھ نپٹا جارہا ہے ۔ ریاست میں نظم وضبط سے متعلق اپوزیشن بی جے پی کا الزام ہے کہ سدارامیا حکومت جہادی قوتوں کے ساتھ نرمی برت رہی ہے جو ہندوتوا، بی جے پی اور سنگھ پریوار کے کارکنوں کے قتل میں ملوث ہیں ۔اس کے برعکس حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں نظم وضبط کی بحالی کے لئے حکومت مناسب اقدامات کررہی ہے۔ ریاستی حکومت نے گورنر کی زبانی ایوان میں یہ خطاب وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ بنگلور کے دوسرے دن کروائی ہے ۔کل مودی نے یہاں ایک عام ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سدارامیا حکومت کو 10فیصد کمیشن والی حکومت قرار دیا تھا۔ مودی نے کل اپنے خطاب میں مبینہ طور پر یہ بھی الزام لگایا تھا کہ کرناٹک میں مجرم حکومت چلارہے ہیں جن کے لئے قتل کرنا یا کروانا آسان ہے ۔گورنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستی حکومت بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کرنے کی پابند ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ میری حکومت عوامی خدمات میں بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کرنے کاسلسلہ جاری رکھے گی۔ جس کے لئے اس انتظامیہ کے اقدامات میں اضافہ کیاگیاہے ۔ عوامی خدمات کو شفاف اور موثر بنانے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں ۔ریاست میں انسداد بدعنوانی بیورو(اے سی بی ) قیام کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بدعنوانی کے معاملات سے سختی سے نمٹا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بدعنوانی کے 404 معاملے درج کئے گئے جن میں278تعاقب کے معاملے اور 65چھاپوں کے معاملے اور 61دیگر معاملات شامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اے سی بی قائم ہونے کے بعد حکومت کو106 معاملے موصول ہوئے جن میں سے 72معاملات میں سزا سنائی گئی۔گورنر نے مزید کہا کہ اے سی بی نے عوامی بیداری اجلاس منعقد کرکے عوام میں بیداری پیدا کی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت نے معاشی ترقی میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ میری حکومت نے پچھلے5سالوں کے دوران تمام طبقات کے لئے سماجی انصاف اور فلاح وبہبودی میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری حکومت نے کرناٹک کو بھوک سے نجات دلانے میں زبردست کامیابی حاصل کی۔ ریاستی خزانہ کی پوزیشن پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یکم جولائی2017کو ملک بھر میں جی ایس ٹی نافذ کیاگیا لیکن ہم اس کے لئے مکمل طور پر تیار تھے۔ اس موقع پرٹیکس دہندگان کو مختلف چیلنجوں کا سامناکرنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ ابتدائی مہینوں میں چند اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ سے ریاست کو ٹیکس وصولی میں جو خسارہ ہوا مرکزی حکومت نے معاوضہ کے ذریعہ اس کی بھرپائی کی گورنر نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ طاس کاویری اور کرشنا کے علاقوں میں پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے میں بھی حکومت نے مناسب اقدامات کے گورنر نے مزید کہا کہ مہادائی ندی سے ریاست کے حصہ کاپانی حاصل کرنے حکومت کی جدوجہد مسلسل جاری ہے ۔اس معاملے پر حکومت پڑوسی ریاست گوا سے بات چیت کرنے کی کئی مرتبہ کوشش بھی کی۔ گورنر نے کہا کہ ان کی حکومت نے پچھلے پانچ سالوں کے دوران صحت ، تعلیم، بنیادی ڈھانچوں، زراعت اور ہاؤزنگ میں زبردست کامیابی حاصل کرکے ملک بھر میں سرفہرست ہے ۔ ان پانچ سالوں کے دوران ایک کروڑ 40لاکھ کنبوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی گئیں۔


Share: